لاہور: (دنیا نیوز) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ شہداء کی یادگاروں کو نقصان پہنچانے والے ملک کے دشمن ہیں۔
گورنرپنجاب سردار سلیم حیدر خان نے بنوں کے علاقے خیبر میں خوراج کے خلاف آپریشن کے دوران جام شہادت نوش کرنے والے کیپٹن زوہیب الدین کے گھر جا کر اہل خانہ سے اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کی، گورنر پنجاب نے ملک و قوم کیلئے جان کا نذرانہ پیش کرنے پر شہید کیپٹن کو خراج عقیدت پیش کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کا کہنا تھا کہ ملک پر اپنی جان نچھاور کرنے والے بہادر جوان قوم کا فخر ہیں، شہداء کا مقدس لہو رائیگاں نہیں جائے گا، شہداء اور ان کے ورثاء پوری قوم کا فخر ہیں، پاک فوج کے ایک بہادر شہید آفیسر کے اہل خانہ سے ملنا میرے لئے اعزاز کی بات ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں ملکی سلامتی کی بنیاد ہیں، شہداء کے خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں، سرحدوں پر ملک و قوم کی حفاظت پر کھڑے پاک فوج کے جوانوں کو سلام پیش کرتا ہوں، ہمارے شہداء کی یاد گاروں کو نقصان پہنچانے والے ملک کے دشمن ہیں۔
سردار سلیم حیدر کا کہنا تھا کہ سیاست کی آڑ میں ہماری فورسز کے خلاف نوجوان نسل کو گمراہ کرنا قبول نہیں، پاک فوج ہمارا فخر ہے ، دہشتگردی کی جنگ میں اپنی فورسز کے ساتھ ہیں، پاک فوج کی تنصیبات، شہداء کی یاد گاروں کی بے حرمتی اور زہر اگلنے والوں کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہماری افواج ملک کی خاطر اپنی جان نچھاور کریں اور ہم ان شہداء کی بے حرمتی کریں یہ ممکن نہیں۔