بلوچستان کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود ہماری ترجیح ہے: وزیراعظم

Published On 11 December,2024 06:37 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بلوچستان کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود ہماری اولین ترجیح ہے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف سے گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے ملاقات کی، ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور پاکستان مسلم لیگ (ن) آزاد جموں و کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر بھی موجود تھے۔

شہباز شریف نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہے ہیں تاکہ وہ ملکی ترقی میں بھرپور کردار ادا کر سکیں۔

ملاقات کے دوران صوبہ بلوچستان کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، گورنر بلوچستان نے بلوچستان کے ترقیاتی منصوبوں میں خصوصی دلچسپی لینے پر وزیر اعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا۔

دریں اثنا وزیر اعظم شہباز شریف سے صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) آزاد جموں و کشمیر شاہ غلام قادر نے ملاقات کی، شاہ غلام قادر نے آزاد جموں و کشمیر کے توانائی کے مسائل کے حل کے حوالے سے 23 ارب روپے کے پیکیج کی فراہمی پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ آپ اپنی بھرپور کوشش کریں کہ آزاد جموں و کشمیر کے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف ملے۔