راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف نے عمان کا دورہ کیا جہاں انہوں نے عمان کے سرکاری اور عسکری حکام سے ملاقاتیں کیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف نے سلطنت عمان کے شاہی دفتر کے وزیر، کمانڈر رائل نیوی آف عمان اور کمانڈر نیشنل ڈیفنس کالج سے الگ الگ ملاقاتیں کیں، ملاقاتوں کے دوران بحرِ ہند کی سکیورٹی صورتحال اور مشترکہ دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے بتایا گیا کہ نیول چیف نے بحری قزاقی اور اسمگلنگ کی روک تھام میں پاک بحریہ کے کردار پر روشنی ڈالی، عمان کے سول و عسکری حکام نے علاقائی بحری امن و استحکام کے قیام میں پاک بحریہ کے کردار کو سراہا۔
نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے کہا کہ پاکستان بحریہ دیگر علاقائی ممالک کے ساتھ مل کر میری ٹائم سیکورٹی کے فروغ کی مضبوط حامی ہے۔
بعد ازاں نیول چیف نے سید بن سلطان نیول بیس، رائل عمان بحریہ کے بحری جہاز، میری ٹائم سکیورٹی سینٹر، نیشنل ڈیفنس کالج ، ملٹری ٹیکنیکل کالج اور سلطان قابوس نیول اکیڈمی سمیت اہم بحری تنصیبات کا دورہ بھی کیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف کے دورہ عمان سے دونوں برادر ممالک کے مابین تعلقات کو مزید تقویت ملے گی۔