مظفرآباد ( دنیا نیوز) آزاد کشمیر کی سرد وادیوں میں سیاسی موسم گرم ہو نے لگا۔
حکومت کی تین اہم اتحادی جماعتوں کے ساتھ پی ٹی آئی نے ملکر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس بلانے کے لئے ریکوزیشن جمع کرا دی۔
دوسری طرف سابق وزیر اعظم تنویر الیاس نے پیپلزپارٹی کے ساتھ رابطے بھی تیز کر دیئے، تنویر الیاس نے پی پی پی امور کشمیر کے نگران چودھری ریاض سے ملاقات کی۔
ملاقات میں آزاد کشمیر کے موجودہ سیاسی حالات پر تبادلہ خیال کیا گیا، 53 کے ایوان میں سابق وزیر اعظم سردار تنویر الیاس کے ساتھ دو ارکان قانون ساز اسمبلی ہیں۔
ادھر قائد حزب اختلاف خواجہ فاروق نے اسمبلی اجلاس بلانے کے لئے ریکوزیشن جمع کرا دی۔
ریکوزیشن پر 4 سیاسی جماعتوں کے صدور مسلم ن کے شاہ غلام قادر، پیپلزپارٹی کے چودھری محمد یاسین، پی ٹی آئی کے عبدالقیوم نیازی اور جموں و کشمیر پیپلزپارٹی کے صدر حسن ابراہیم نے بھی دستخط کر دیئے۔
ریکوزیشن میں آزاد جموں و کشمیر میں حالیہ سیاسی بحران کے متعلق اسمبلی اجلاس میں بحث کا مطالبہ کیا گیا ہے۔