جنوبی وزیرستان میں فتنہ الخوارج کے حملے میں شہید جوانوں کی نماز جنازہ ادا

Published On 22 December,2024 02:01 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) ضلع جنوبی وزیرستان میں فتنہ الخوارج کے حملے میں شہید ہونے والے جوانوں کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 21 دسمبر 2024 کو ضلع جنوبی وزیرستان کے علاقے مکین میں فتنہ الخوارج کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے کے دوران شہادت کے عظیم رتبے پر فائز ہونے والے شہداء کی نماز جنازہ بنوں کینٹ میں ادا کی گئی۔

یہ خبر بھی پڑھیں: جنوبی وزیرستان چیک پوسٹ پر حملہ کی کوشش ،16جوان شہید،8خوارجی جہنم واصل

آئی ایس پی آر کے مطابق شہداء میں شامل جمرود کے رہائشی سول کیمرہ ٹیکنیشن وقاص احمد شہید کی نماز جنازہ بھی ادا کی گئی، نماز جنازہ میں کور کمانڈر پشاور، پاک فوج کے سینئر افسران، جوانوں اور عمائدین علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ ہمارے شہداء کی یہ قربانیاں دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں ہمارے عزم و حوصلے کو دوام بخشتی ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز جنوبی وزیرستان چیک پوسٹ پر خوارج کے حملے کی کوشش میں 16 جوان وطن پر قربان ہوگئے تھے جبکہ شدید فائرنگ کے تبادلے میں 8 خارجی مارے گئے تھے۔