راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے آذربائیجان کے اعلیٰ سطح کے دفاعی وفد نے ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق وفد میں آذربائیجان کے نائب وزیردفاع اگیل گربانوف اور آذربائیجان ایئرفورس کے کمانڈر نامگ اسلام زادے شامل تھے۔
ملاقات میں ایئرچیف نے پاک فضائیہ کی حالیہ کامیابیوں اور آپریشنل صلاحیتوں پر تبادلہ خیال کیا، ایئر چیف نے دونوں مسلح افواج خصوصاً فضائی افواج کے مابین موجودہ دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ملاقات کے دوران ایئر چیف نے تربیتی تعاون کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی، انہوں نے کہا کہ پی اے ایف بیس پر آذری فضائی اور زمینی دستے کا جاری تربیتی پروگرام شیڈول کے مطابق ہے۔
ایئر چیف نے کہا کہ 50 فیصد زیادہ تربیتی مقاصد کامیابی کے ساتھ حاصل کر لئے گئے ہیں، تربیتی پروگرام ایک ماہ کی مدت کے اندر مکمل ہونے کی توقع ہے، یہ آذری فضائیہ کی آپریشنل صلاحیتیں بڑھانے کیلئے پی اے ایف کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔