راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحرشمشاد مرزا سرکاری دورہ پر کویت پہنچے جہاں جنرل ساحر شمشاد نے کویت ولی عہد شیخ صباح الخالد الحمد المبارک الصباح سے ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی نائب وزیراعظم اول، وزیر دفاع، وزیر داخلہ شیخ فہد یوسف الصباح سے بھی ملے، انڈر سیکرٹری کویت نیشنل گارڈ لیفٹیننٹ جنرل انجینئر ہاشم الرفیع سے بھی ان کی ملاقات ہوئی۔
جنرل ساحرشمشاد مرزا کی انڈر سیکرٹری وزارت دفاع شیخ عبداللہ مشال الصباح اور کویتی مسلح افواج کے قائم مقام چیف آف سٹاف میجر جنرل صباح جابر الصباح سے بھی ملاقات ہوئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ملاقاتوں کے دوران دوطرفہ امور اور دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا، فریقین نے باہمی تعلقات کے فروغ کیلئے اپنے عزم کا اعادہ کیا، دفاع اور سلامتی کے شعبوں میں باہمی مفید تعاون کے نئے امکانات تلاش کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی نے مبارک الاعبداللہ جوائنٹ کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کا دورہ کیا، جنرل ساحر شمشاد مرزا کو اکیڈمی میں جاری تربیتی سرگرمیوں پر بریفنگ دی گئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق کویت کے چیف آف سٹاف ہیڈکوارٹرز پہنچنے پر جنرل ساحر شمشاد مرزا کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔