عادل بازئی کی رکنیت بحال، آزاد امیدوار تصور کیا جائے: الیکشن کمیشن

Published On 31 December,2024 10:55 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے رکن قومی اسمبلی عادل بازئی کی رکنیت بحال کرتے ہوئے نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا جس میں کہا گیا کہ عادل بازئی کو آزاد امیدوار تصور کیا جائے۔

الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے حلقہ 262 کوئٹہ سے عادل بازئی کی رکنیت بحال کردی جس کا باضابطہ نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

ای سی پی کے نوٹی فکیشن کے مطابق عادل بازی کو مسلم لیگ (ن) کی بجائے آزاد امیدوار تصور کیا جائے۔

یاد رہے کہ عادل بازئی کے خلاف بجٹ اور 26 ویں آئینی ترمیم میں پارٹی پالیسی سے انحراف کا الزام تھا۔

عادل بازی کو مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف کی جانب سے دائر ریفرنس پر الیکشن کمیشن نے نااہل قرار دیا تھا تاہم سپریم کورٹ نے عادل بازئی کو این اے 262 کوئٹہ کی نشست پر بحال کردیا تھا۔

یاد رہے کہ 9 دسمبر کو سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کا 21 نومبر کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن ) کے منحرف رکن عادل بازئی کی قومی اسمبلی کی رکنیت بحال کردی تھی۔

دوسری جانب الیکشن کمیشن نے عادل خان بازئی کو ڈی سیٹ کرنے کا نوٹی فکیشن معطل کر دیا۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ این اے 262 کوئٹہ سے عادل بازئی کو ڈی سیٹ کرنے کا نوٹی فکیشن سپریم کورٹ کا حتمی فیصلہ آنے تک معطل کیا گیا ہے۔