رجب المرجب کا چاند نظر آگیا، شب معراج 28 جنوری کو ہوگی

Published On 01 January,2025 08:22 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے پاکستان میں رجب المرجب کا چاند نظر آنے کا اعلان کردیا۔

وزارت مذہبی امور کی طرف سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد کی زیر صدارت وزارت مذہبی امور میں ہوا جبکہ زونل اور ضلعی ہلال کمیٹیوں کے اجلاس اپنے اپنے متعلقہ مقامات پر ہوئے۔

ملک بھر سے موصول ہونے والی شہادتوں کو مد نظر رکھتے ہوئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے اعلان کیا ہےکہ یکم رجب کل جمعرات 2 جنوری کو ہوگی جبکہ شب معراج 28 جنوری کو ہوگی۔

اجلاس کے آخر میں غزہ وفلسطین اور لبنان کے مظلوم مسلمانوں کی آزادی،عالم اسلام کے اتحاد، حرمین شریفین کے تحفظ، ملک پاکستان کی سلامتی و استحکام، ترقی وخوشحالی، اتحادو وحدت کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔