غزہ کی صورتحال اورالقدس فلسطینیوں کا نہیں امت مسلمہ کا مسئلہ ہے: فضل الرحمان

Published On 01 January,2025 07:20 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) جمعیت علما اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ غزہ کی صورتحال اور القدس کا مسئلہ صرف وہاں کے عوام کا نہیں بلکہ امت مسلمہ کا ہے۔

پاکستان میں متعین ایرانی سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم کی جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ آمد ہوئی، ایرانی سفیر نے وفد کے ساتھ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی، ایرانی سفیر نے مولانا فضل الرحمان کی صحت و تندرستی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

ملاقات میں ایران پاکستان تعلقات، علاقائی صورتحال بالخصوص غزہ میں جاری ناجائز صہیونی ریاست کی جارحیت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ایرانی سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے کہا کہ فلسطین کی حمایت پر جے یو آئی کی کاوشوں اور پاکستان بھر میں شایان شان غزہ یکجہتی مظاہروں کے انعقاد پر سلام پیش کرتا ہوں، علمائے کرام بالخصوص آپ جیسے مدبر اور حکیم سیاسی رہنما سے تبادلہ خیال اور صلاح مشورہ کو ضروری سمجھتا ہوں۔

اس موقع پر مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ قبلہ اول مسلمانوں کا قبلہ ہے، مسلمانوں نے ہی اسے بار بار فتح کیا، 1967 میں اسرائیل نے اس پر قبضہ کیا، اقوام متحدہ نے بھی اسے تسلیم نہیں کیا۔

رہنما جمعیت علما اسلام کا کہنا تھا کہ اس وقت بھی وہ علاقہ اقوام متحدہ کی روح سے متنازعہ ہے، ہمارے نزدیک قبلہ اول فلسطین کا حصہ ہے، جو علاقے اقوام متحدہ کی روح سے متنازعہ ہیں وہاں امریکا سفارت خانے قائم کر رہا ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ عالم اسلام فلسطینیوں کی حمایت میں مضبوط آواز بلند کرے، خطے کے اہم ممالک پاکستان، ایران، ترکیہ، سعودی عرب اور ملائیشیا دفاع غزہ اور اسرائیل کے خلاف ٹھوس اقدامات اٹھائیں۔

رہنما جمعیت علما اسلام نے کہا کہ ہم نے پاکستانی عوام کے ساتھ مل کر پاکستان میں اسرائیل کو تسلیم کرنے کی سازش کو دفن کر دیا ہے۔