صیہونی فورسز کی بے گھر فلسطینیوں پر بمباری، مزید درجنوں شہید

Published On 31 December,2024 08:51 pm

غزہ: (دنیا نیوز) غزہ میں اسرائیلی فوج نے مظالم کی انتہا کردی، بے گھرفلسطینیوں پر بمباری سے مزید درجنوں شہری شہید ہوگئے۔

عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فورسز کی شمالی غزہ کے جبالیہ پناہ گزین کیمپ میں بمباری سے 4 فلسطینی شہید جبکہ متعدد زخمی ہوگئے، ہائپو تھرمیا کا شکار ایک اور نومولودزندگی کی باز ی ہار گیا۔

شدید سردی کے باعث20 دنوں کے نوزائیدہ بچے سمیت 7 بچے شہید ہوگئے، شہداء کی مجموعی تعداد 45 ہزار 5سو سے تجاوز کرگئی جبکہ 1 لاکھ 8 ہزار سے زائد فلسطینی زخمی ہیں۔

عرب میڈیا کے مطابق غزہ کے وسطی علاقے دیر البلاح میں شدید بارشوں سے بے گھر خاندانوں کے خیموں میں پانی بھر گیا جس سے غزہ کے بے گھر افراد کو مزید مشکلات کا سامنا کرنا پڑھ رہا ہے۔

دوسری جانب فلسطینی مرکزی ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ صیہونی فوج نے بنیادی اشیاء کی ترسیل روک دی، غزہ اپنی آبادی کا تقریباً 6 فیصد کھو چکا ہے۔