مستحق بچوں کو معیاری تعلیم تک رسائی دیں گے: گورنر بلوچستان

Published On 08 January,2025 04:24 am

کوئٹہ: (دنیا نیوز) گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ بلوچستان کو ایسا روشن مستقبل دیں گے جہاں تمام مستحق بچوں کو معیاری تعلیم تک رسائی حاصل ہو۔

گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے حکومت بلوچستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ کی نئی تعلیمی سکیموں اور ادارے کی کارکردگی سے متعلق بریفنگ لیتے ہوئے کہا کہ حکومت بلوچستان کی جانب سے صوبے بھر بالخصوص پسماندہ اضلاع کے ہونہار اور مستحق طلبہ کیلئے سکالرشپس کی فراہمی ایک انقلابی پروگرام ہے۔

جعفر خان مندہ خیال نے کہا کہ بلوچستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ (بیف) کی جانب سے سکالرشپ تعلیم کے فروغ اور صوبے کے غریب طلبہ کو زیور تعلیم کے ذریعے بااختیار بنانے کی ایک روشن مثال ہے، ضروری ہے کہ جدید تعلیم کو فروغ دینے کیلئے بیف کی تعلیم دوست سکیموں سے بھرپور استفادہ کریں۔

گورنر بلوچستان نے کہا کہ ہم اپنے نوجوانوں کی صلاحیتوں پر یقین رکھتے ہیں اور آنے والے کل کو بہتر بنانے کی خاطر ان کی خوابیدہ تخلیقی صلاحیتوں میں نکھار پیدا کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات بھی کر رہے ہیں۔