اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا تحریک انصاف کے رہنماؤں کے الزامات پر ردعمل سامنے آگیا۔
سپیکر قومی اسمبلی نے مذاکرات کے حوالے سے اپنے کردار پر سوالات اٹھانے پر افسوس کا اظہار کیا، سردار ایاز صادق نے کہا کہ بانی سے ملاقات نہ کروانے پر میرے کردار ادا نہ کرنے پر بے جا تنقید کی جا رہی ہے۔
سپیکر ایاز صادق نے کہا کہ واضح کر دیتا ہوں کہ میرا کام حکومت اور اپوزیشن کے درمیان سہولت کاری کا ہے، بانی سے ملاقات کروانا میرا مینڈیٹ ہے نہ ہی ذمہ داری ہے، ایسے بیانات دینا کہ سپیکر آفس سے رابطے پر مثبت جواب نہیں آیا افسوسناک ہے۔
انہوں نے کہا کہ میرے دروازے سب کے لیے ہر وقت کھلے ہیں، میں نے کبھی کسی رکن قومی اسمبلی سے ملاقات سے انکار نہیں کیا، سب ریکارڈ پر ہے، میرے عہدے پر تنقید کرنے والے چاہتے ہیں کہ میں مذاکراتی عمل سے نکل جاؤں تو میں اس تجویز پر غور کے لیے تیار ہوں۔
سپیکر ایاز صادق نے کہا کہ بطور سپیکر پارلیمنٹ کی بالا دستی اور جمہوری روایات کی پاسداری کرتے ہوئے سہولت کار کا کردار نبھانے کی پوری کوشش کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ میرا بیرون ملک ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ میں میٹنگ کا انتظام نہیں کر سکتا، جب حکومت اور اپوزیشن کہے گی تو فوری میٹنگ کا اہتمام کر دوں گا۔