اسلام آباد:(دنیا نیوز) رہنما مسلم لیگ ن بیرسٹر عقیل نے کہا ہے کہ عمران خان زہر آلود گفتگو کریں گے تو مذاکرات متاثر ہوں گے۔
پروگرام’’ٹونائٹ ود ثمرعباس‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر عقیل ملک کا کہنا تھا کہ ہمیں مذاکرات کیلئے کسی کا دباؤ نہیں ہے، ہم پاکستان کے لیے مذاکرات کر رہے ہیں، کسی کا دباؤ نہیں نہ ہی کسی نے پی ٹی آئی سے مذاکرات کا کہا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ غلامی نہ منظور کا نعرہ لگانے والوں کو سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ نےبھی واضح جواب دے دیا ہے، ہمارے کیمپ سے دباؤ کی بات کرنے والوں کو سنجیدہ نہیں لینا چاہیے۔
رہنما ن لیگ کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے وزیراعظم کےخلاف نازیبا گفتگو کی ہے، اگرزہرآلود بیانات آئیں گے تو مذاکرات کا عمل متاثرہو گا، مریم نواز نےکسی سیاسی جماعت کا نام تو نہیں لیا، مریم نواز کے بیان کو غلط رنگ دیا جا رہا ہے۔
بیرسٹر عقیل ملک کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے مطالبوں میں الیکشن کی کوئی بات ہی نہیں ہے، ملک ابھی کسی صورت بھی قبل ازوقت الیکشن کا متحمل نہیں ہوسکتا، بانی پی ٹی آئی ڈیل مانگ رہے ہیں جو ہم آفر نہیں کر سکتے۔