علی امین گنڈاپور کی عمران خان سے ملاقات، مذاکراتی عمل بارے اہم مشاورت

Published On 12 January,2025 02:46 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) حکومت اور پاکستان تحریک انصاف میں مذاکرات کی راہ ہموار، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی بانی پی ٹی آئی عمران خان سے اڈیالہ جیل میں ون آن ون ملاقات جاری ہے۔

وزیراعلی خیبرپختونخوا مکمل سرکاری پروٹوکول کے ساتھ اڈیالہ جیل پہنچے، ملاقات کے دوران حکومتی کمیٹی کے ساتھ جاری مذاکراتی عمل کے حوالے سے اہم مشاورت کی جا رہی ہے۔

پی ٹی آئی کی مذاکراتی کمیٹی کی بھی بانی عمران خان سے ملاقات کچھ دیر بعد ہوگی۔

مذاکراتی کمیٹی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب، اسد قیصر، صاحبزادہ حامد رضا، علامہ راجہ ناصر عباس، سلمان اکرم راجا شامل ہیں، کمیٹی مذاکرات کے تیسرے دور کے لئے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے مشاورت کرے گی۔

رہنما پی ٹی آئی اسد قیصر کا کہنا ہے اللہ اللہ کر کے ملاقات کی اجازت ملی، خوشی ہے آج اپنے لیڈر سے ملاقات ہوگی۔

دریں اثناء ترجمان قومی اسمبلی کے مطابق اپوزیشن لیڈر عمر ایوب اور اسد قیصر نے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ٹیلی فونک رابطہ کیا، دونوں رہنماؤں نے باضابطہ طور پر پی ٹی آئی مذاکراتی کمیٹی کی بانی سے ملاقات کی درخواست کی۔

قومی اسمبلی کے ترجمان نے کہا کہ سپیکر نے دونوں رہنماؤں کے پیغام سے حکومت کو آگاہ کر دیا ہے، اسمبلی سپیکر نے صرف پیغام رسانی کا کردار ادا کیا کہ مذاکراتی کمیٹی کی بانی سے حکومت ملاقات کروا دے۔