امید ہے 190 ملین پاؤنڈ کا فیصلہ حقائق کی بنیاد پر سنایا جائے گا: خواجہ آصف

Published On 12 January,2025 04:46 pm

سیالکوٹ:(دنیا نیوز) وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ امید ہے 190 ملین پاؤنڈ کا فیصلہ حقائق کی بنیاد پر سنایا جائے گا۔

سیالکوٹ میں تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ190ملین پاؤنڈ حکومت اورعوام کا پیسہ تھا، برطانیہ نےحکومت کو پیسےبھجوائے، بانی پی ٹی آئی نے بند لفافے میں کابینہ سےاس کی منظوری لی، پیسے خزانے کے بجائے کاروباری شخصیت کے اکاؤنٹ میں جمع کرائے گئے۔

انہوں نے کہا کہ کل حقائق کی بنیاد پرفیصلہ سنایا جائےگا،القادریونیورسٹی میں کیا تعلیم دی جاتی ہے،میڈیا جا کر دیکھے، پی ٹی آئی دور حکومت میں لوٹ مارعروج پرتھی،عمران خان کے دورمیں جو کچھ ہوا، اس کی مثال نہیں ملتی، پہلے غلامی نامنظور اور اب’ ایبسولوٹلی یس‘ اور لیٹے ہوئے ہیں۔

قبل ازیں خواجہ آصف کی رہائش گاہ پر قائداعظم ٹرافی جیتنے والی ٹیم کے اعزاز میں ظہرانہ دیا گیا۔

اس موقع پر ٹیم سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ ہمارے شہر میں کرکٹ سٹیڈیم نہیں ہے، سٹیڈیم کے لئے تین ارب روپے منظور ہوئے تھے کچھ رقم خرچ ہوئی، باقی بجٹ واپس چلا گیا، شہر اقبال میں بہت ٹیلنٹ موجود ہے، سیالکوٹ کی ٹیم نے قائد اعظم ٹرافی جیتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ میں کرکٹ مسائل کے حل کیلئے پنجاب حکومت کی مدد درکارہوگی،سٹیڈیم کے مسائل کو حل کررہے ہیں، سٹیڈیم کو جلد مکمل ہونا چاہیے، نقوی صاحب سے درخواست ہے کہ وہ اس پر قدم بڑھائیں، میں وزیر اعظم اوروزیر اعلیٰ پنجاب سے درخواست کروں گا۔