پشاور: (دنیا نیوز) گورنر فیصل کریم کنڈی نے خیبرپختونخوا کے قوانین سے متعلق ترمیمی بل پر اعتراض عائد کر دیا، گورنر نے اعتراضات لگا کر بل صوبائی حکومت کو بھیج دیا تھا۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے قوانین سے متعلق ترمیمی بل نظر ثانی کےلئے خیبرپختونخوا اسمبلی کو ارسال کر دیا، انہوں نے اعتراض عائد کیا کہ بل میں مجوزہ ترمیم لفظ وزیر کی جگہ معاون خصوصی اور مشیر شامل کرنا وضاحت طلب ہے۔
گورنر نے اعتراض کیا کہ آئینی لحاظ سے مشیر اور معاونین خصوصی کابینہ کے ممبران نہیں ہیں، مشیر اور معاونین خصوصی ایگزیکٹو اختیارات استعمال نہیں کر سکتے اور اسمبلی کےسامنے جواب دہ نہیں۔
فیصل کریم کنڈی نے اعتراض عائد کیا کہ معاونین اور مشیر اسمبلی کے سامنے جواب دہ بھی نہیں ہیں، وزرا منتخب نمائندے ہوتے ہیں جن کے آئینی اختیارات متعین ہیں اور وہ عوام کو جواب دہ ہیں۔
گورنر نے استفسار کیا کہ غیر منتخب افراد کو اختیار دینے سے کابینہ کے معاملات پر اثرات ہوسکتے ہیں ، یہ عمل غیر آئینی ہے، خیبرپختونخوا اسمبلی ایک بار پھر اس ترمیم کو آئین و قانون کے تناظر میں نظر ثانی کرے۔