راولپنڈی: (دنیا نیوز) بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کیخلاف توشہ خانہ ٹو کیس میں مزید دو گواہان کی شہادتیں قلمبند کرلی گئیں۔
سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کیخلاف توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت سپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے اڈیالہ جیل میں کی۔
دوران سماعت مزید دو گواہان نے شہادتیں قلمبند کرادیں جس کے بعد اب تک کیس میں مجموعی طور پر 7 گواہان پر جرح مکمل ہو چکی ہے۔
سماعت کے دوران بشریٰ بی بی کے وکیل نے ایک گواہ پر جرح مکمل کر لی جبکہ دوسرے گواہ پر وکیل صفائی آئندہ سماعت پر جرح مکمل کر یں گے۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان ، بشریٰ بی بی کیخلاف توشہ خانہ ٹو کیس کی تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی تشکیل
عدالت نے آئندہ سماعت پر سابق وزیراعظم کے ملٹری سیکرٹری بریگیڈیئر احمد محمود اور ڈپٹی ملٹری سیکرٹری کرنل ریحان محمود کو شہادت قلمبند کرانے کے طلب کر لیا۔
بعدازاں عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کیخلاف توشہ خانہ ٹو کیس پر مزید سماعت 16جنوری بروز جمعرات تک ملتوی کردی۔
ادھر وفاقی تحقیقاتی ایجنسی ( ایف آئی اے) نے عمران خان اور بشریٰ بی بی سے توشہ خانہ ٹو کیس کی تحقیقات کیلئے تین رکنی جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم تشکیل دیدی، ایف آئی اے کی تحقیقاتی ٹیم بانی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی سے تحقیقات کرے گی، ٹیم عدالت کی معاونت اور قانونی کارروائی آگے بڑھائے گی۔