لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کو 190ملین پاؤنڈ حکومت کے اکاؤنٹ میں منتقل کرنے چاہئیں تھے۔
دنیا نیوز کے پروگرام ’’ آن دی فرنٹ‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ نےماضی سے سیکھا، دونوں پارٹیوں نےایک دوسرے پر الزام لگائے، حکومت کے ساتھ بیٹھنے کا مطلب کسی کو کلین چٹ دینا نہیں ہوتا۔
قمرزمان کائرہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کابینہ میں کچھ لوگوں نےکہا بند لفافہ دکھایا جائے، بانی پی ٹی آئی نے کابینہ کو دھوکے میں رکھا، یہ پیسہ سپریم کورٹ کے اکاؤنٹ میں گیا۔
رہنما پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ اس وقت کےچیف جسٹس کو چاہیے تھا حکومت کو پیسے منتقل کر دیتے، سابق چیف جسٹس بھی اس معاملے میں ذمہ دار بنتے ہیں۔
عمران خان کو عدالتوں سے ریلیف کے سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ہائی کورٹ نےبانی پی ٹی آئی کو کئی کیسز میں ریلیف دیا ہے۔