وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کا ٹورازم پولیس کے اہلکاروں کو مستقل کرنے کا اعلان

Published On 14 January,2025 11:02 pm

پشاور: (دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے ٹورازم پولیس کے اہلکاروں کو مستقل کرنے کا اعلان کر دیا۔

بورڈ اجلاس میں ٹورازم پولیس کے اہلکاروں کی ماہانہ تنخواہ 36 ہزار روپے سے بڑھا کر 45 ہزار روپے کرنے کی منظوری دے دی گئی، ٹورازم پولیس کو مزید مستحکم کرنے کے لیے مزید ہیوی بائیکس اور کمیونیکیشن گیجٹس بھی فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے محکمہ سیاحت کے حکام کو مزید سیاحتی مقامات دریافت کرنے کے لیے بھی اقدامات کی ہدایت کر دی، علی امین گنڈا پور نے کہا کہ اگلے مالی سال کے بجٹ میں کم از کم چار نئے سیاحتی مقامات کو ڈویلپ کرنے کے منصوبے شامل کیے جائیں۔

علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ گزشتہ سیزن میں ڈیڑھ کروڑ ملکی اور غیر ملکی سیاحوں نے خیبر پختونخوا کا رُخ کیا، سیاحوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر صوبے میں نئے سیاحتی مقامات کو ایکسپلور کرنے کی ضرورت ہے۔

وزیر اعلیٰ نے ٹھنڈیانی انٹیگریٹڈ ٹورازم زون کے ماسٹر پلان میں ضروری ترامیم کر کے مشتہر کرنے کی بھی ہدایت کی، وزیر اعلیٰ نے انٹیگریٹڈ ٹورازم زونز کے لیے رابطہ سڑکوں کی بیک وقت تعمیر کے لیے بھی اقدامات کی ہدایت کر دی۔

علی امین گنڈا پور نے کہا کہ سیاحت کا شعبہ ترجیحی شعبوں میں شامل ہے، اس شعبے میں روزگار اور سرمایہ کاری کی وسیع استعداد موجود ہے۔

اجلاس میں بورڈ آف ڈائریکٹرز کے تحت فنانس اور ایچ آر کمیٹیوں کی بھی منظوری دی گئی، فورم نے آؤٹ سورسنگ و انویسٹمنٹ اور کلچر کمیٹیوں کے قیام کی بھی ہدایت کی۔

علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت خیبر پختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس میں صوبائی کابینہ اراکین زاہد چن زیب، بریگیڈیئر ریٹائرڈ مصدق عباسی ، ایڈیشنل چیف سیکریٹری پلاننگ و ڈویلپمنٹ کے علاؤہ دیگر بورڈ ممبران نے شرکت کی۔