لاہور: (دنیا نیوز) ملک کے مختلف شہروں میں دھند کے ڈیرے برقرار ہیں، حد نگاہ کم ہونے پر موٹر ویز متعدد مقامات سے بند کر دی گئی، جبکہ متعدد مسافر ٹرینوں کا شیڈول بھی متاثر ہوا ہے۔
ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق حد نگاہ کم ہونے کے باعث موٹر وے ایم ون پشاور سے صوابی تک جبکہ ایم ٹو لاہور سے خانقاہ ڈوگراں تک بند ہے، ایم 3 لاہور سے درخانہ تک ٹریفک کیلئے بند کی گئی ہے۔
موٹر وے ایم 4 گوجرہ سے ملتان، ایم 5 ملتان سے روہڑی تک بند ہے جبکہ لاہور سیالکوٹ موٹر وے ایم 11 پر بھی ٹریفک کا داخلہ ممنوع ہے۔
اس کے علاوہ لاہور اور گردونواح میں شدید دھند کے باعث مسافر ٹرینوں کا شیڈول بھی متاثر ہوا ہے، حد نگاہ کم ہونے پر متعدد ٹرینیں تاخیر کا شکار ہوئیں جس سے مسافروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔
دوسری جانب ملک بھر میں سردی کی شدت بھی برقرار ہے، شمال مغربی بلوچستان میں چند مقامات پر ہلکی بارش اور برف باری کا امکان ہے، کوئٹہ، چمن، زیارت، پشین، قلعہ عبداللہ اور دیگر علاقوں میں بادل برسیں گے۔
بالائی علاقوں میں کڑاکے کی سردی پڑی، لہہ میں درجہ حرارت منفی 12، گوپس منفی11، استور، سکردو میں منفی 10، کالام منفی7 ریکارڈ کیا گیا، ہنزہ میں منفی6، بگروٹ منفی5، چترال اور دیگر میں منفی 4 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔
اس کے علاوہ محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور کا موسم آج سرد اور خشک رہے گا۔
صوبائی دارالحکومت کا آج کم سے کم درجہ حرارت 6 اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 17 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے جبکہ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے اعداد وشمار کے مطابق ہوا میں نمی کا تناسب 89 فیصد جبکہ ہوا کی رفتار 3 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ہے۔