9 مئی کے سب سے بڑے مقدمہ کی سماعت، 4 عینی شاہدین کے بیانات قلمبند

Published On 15 January,2025 05:33 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) 9 مئی کے سب سے بڑے مقدمہ کی پہلے دن کی سماعت اختتام پذیر ہو گئی، 4 عینی شاہدین کے بیانات قلمبند کر لئے گئے۔

اڈیالہ جیل میں جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت ہوئی، انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے کیس کی سماعت کی۔

بانی پی ٹی آئی کے سامنے گواہیاں ریکارڈ کی گئیں، پولیس کی جانب سے مال مقدمہ عدالت میں پیش کیا گیا، شہدا کے چوری شدہ مجسموں کے ٹکرے بھی عدالت میں پیش کر دیئے گئے۔

پولیس نے ملزمان سے بر آمد ہونے والا پٹرول بم بھی عدالت میں پیش کر دیا، ملزمان سے بر آمد ہونے والا موبائل، پی ٹی آئی کے جھنڈے، ڈنڈے، پارٹی کیپ بھی عدالت میں پیش کی گئی۔

پولیس نے ملزمان سے بر آمد ہونے والے ڈنڈے، پولیس کا ہیلمٹ بھی عدالت میں پیش کیا۔

ذرائع کے مطابق ملزمان عدالت میں گواہوں کو دھمکاتے اور ہلڑ بازی کرتے رہے، سماعت 18 جنوری تک ملتوی کرتے ہوئے مزید 5 گواہ طلب کر لئے گئے۔