لاہور: (محمد اشفاق) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس مس عالیہ نیلم کا دورہ قصور، سیشن کورٹ میں جوڈیشل کمپلیکس کا افتتاح کیا۔
سیشن کورٹ قصور پہنچنے پر سیشن جج طارق جاوید نے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم کا پرتپاک استقبال کیا، اس موقع پر ان کے ہمراہ رجسٹرار عبہر گل بھی موجود تھیں،
اس موقع پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی جس کے بعد چیف جسٹس عالیہ نیلم نے سیشن کورٹ کے جوڈیشل کمپلیکس میں سول اور کریمنل بلاکس کا افتتاح کیا، چیف جسٹس عالیہ نیلم نے سیشن کورٹ قصور کے تمام ججز سے ملاقات کی۔
سیشن جج قصور طارق جاوید نے زیر التوا کیسز سے متعلق چیف جسٹس کو بریفنگ دی، چیف جسٹس نے سیشن جج طارق جاوید سمیت دیگر ججز کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔
چیف جسٹس عالیہ نیلم نے صلح کی بنیاد پر ریپ کیسز کے ملزموں کی رہائی کی حوصلہ شکنی کرتے ہوئے کہا کہ ریپ کے ملزمان کسی رعایت کے مستحق نہیں، چیف جسٹس نے پرانے مقدمات کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹانے کی ہدایات جاری کیں۔
چیف جسٹس نے قصور بار کے نمائندوں سے ملاقات کی، قصور بار کے نمائندوں نے وکلا کی فلاح سے متعلق چیف جسٹس عالیہ نیلم کے اقدامات کی تعریف کی۔
اس موقع پر چیف جسٹس عالیہ نیلم نے کہا کہ وکلا برادری کے مسائل کا حل ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، سیشن جج قصور طارق جاوید کی جانب سے چیف جسٹس عالیہ نیلم اور رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ عبہر گل خان کو سوینئر بھی پیش کیا گیا۔