چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کا بڑا فیصلہ، سائلین گھر بیٹھے کیسز کی معلومات حاصل کر سکیں گے

Published On 14 January,2025 02:06 pm

لاہور: (محمد اشفاق) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس مس عالیہ نیلم کی منظوری کے بعد گھر بیٹھے کیسز کی معلومات ویب سائٹ اور موبائل ایپ سے حاصل کرنے کے منصوبے پر عمل درآمد کا آغاز ہوگیا۔

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس مس عالیہ نیلم سائلین کی مشکلات کو کم کرنے کے لیے عملی طور اقدامات کرہی ہے اور اس میں ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کیا جارہا ہے ،اس سلسلے میں سب سے پہلے سائلین کے قیمتی وقت اور پیسے بچانے کے لیے اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔

چیف جسٹس لاہورہائیکورٹ جسٹس مس عالیہ نیلم کی منظوری کے بعد ویب سائٹ اور موبائل ایپ کے ذریعے سائلین کو ان کے کیسز سے متعلق مسلسل آگاہ رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ،عدالتی کارروائی سے متعلق آگاہی لاہور ہائیکورٹ کی ویب سائٹ اور موبائل ایپ سے حاصل کی جاسکے گی۔

اس اقدام سے سائلین گھر بیٹھے اس ٹیکنالوجی کا فائدہ اٹھا کراپنے کیسز بارے اپ ڈیٹ حاصل کریں گے ، نئے منصوبے پر عمل درآمد کا آغاز اسی ماہ سے ہوگا ، چیف جسٹس عالیہ نیلم نےنئے منصوبے کا ٹاسک ایڈیشنل رجسٹرار آئی ٹی جمال احمد کو سونپ دیا۔

لاہور ہائیکورٹ پاکستان کی واحد ہائیکورٹ ہوگی جہاں اس سہولت کا آغاز ہوگا، چیف جسٹس لاہورہائیکورٹ جسٹس مس عالیہ نیلم کے ویژن کے مطابق سائلین اور وکلاء کی مشکلات کو کم کرنے کے لیے خصوصی ٹیمیں اقدامات کررہی ہیں ۔

معروف قانون دان احسن بھون نے دنیا نیوز سے گفتگو کرتےہوئے کہاکہ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کے اقدامات قابل تعریف ہیں، آئی ٹی سے استفادہ کرکے ہی سائلین کو بروقت انصاف کی فراہمی یقینی بنانے کا خواب کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جاسکے گا ۔

ان کا کہنا تھا کہ سائلین اکثر شکایات کرتے تھے کہ ان کو بار بار عدالتوں کے چکر لگوائے جاتے ہیں لیکن اب سائلین کی مشکلات بھی ختم ہوجائیں گی اور سائلین کو اپنے کیسز کی معلومات کے لیے بار بار عدالتوں میں نہیں آنا پڑے گا، یہ اقدام نہ صرف سائلین بلکہ وکلاء کے لیے بھی فائدہ مند ہوگا۔

اس متعلق ایڈووکیٹ سپریم کورٹ چودھری نصیر کمبوہ کا کہنا تھا پنجاب کی تاریخ میں پہلی خاتون چیف جسٹس کا اعزاز بھی جسٹس مس عالیہ نیلم کے پاس ہے اور بطور چیف جسٹس سائلین کی مشکلات کو ختم کرنے اور وکلا ءکی فلاح و بہبود کے لیے تاریخی اقدامات کرنے کا اعزاز بھی چیف جسٹس عالیہ نیلم کے پاس ہے۔