حکومت مذاکرات کے نام پر قوم کو بے وقوف بنا رہی ہے: شیخ وقاص

Published On 16 January,2025 09:07 pm

پشاور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری انفارمیشن شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ ہم کسی بھی مطالبے سے پیچھے نہیں ہٹے، حکومت مذاکرات کے نام پر قوم کو بے وقوف بنا رہی ہے۔

پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئین کی بحالی، الیکشن کے مینڈیٹ اور وہی مطالبات ہیں جو پہلے تھے، 9 مئی پر عدالتی کمیشن اور اسیران کی رہائی ترجیح ہیں، آج حکومت کے ساتھ مذاکرات کی تیسری نشست تھی، جس میں ہم نے مطالبات تحریری طور پر پیش کردیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ رانا ثنا اللہ،عرفان صدیقی کی پریس کانفرنس سے اندازہ ہوگیا ہم کیسا جواب دیں، آپ لوگ مذاکرات کے نام پر قوم کو بے وقوف بنا رہے ہیں، ہم اپنے کارکنوں کا انصاف لیکر رہیں گے، وقت تبدیل ہوجائےکوئی پتا نہیں لگتا۔

شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ حکومت کہہ رہی ہے 26 نومبر کو کوئی شہادت نہیں ہوئی، وفاقی وزرا کو 13 جنازے نظر کیوں نہیں آرہے، اربوں روپے کے اشتہارت حکومت میڈیا کو دیتی ہے اور کہتے ہیں کہ پی ٹی آئی میڈیا پر منفی پروپیگنڈا کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب سے مذاکرات شروع ہوئے ہیں عمران خان کی اہلیہ کے خلاف پروپیگنڈا کیا جارہا ہے، مذاکرات میں ہم اپنی مرضی سے گئے کوئی زبردستی نہیں تھی۔

ترجمان پی ٹی آئی کا مزید کہنا تھا کہ حکومت کے وزراء دن میں چار چار پریس کانفرنسز کررہے ہیں لیکن تیاری نہیں کررہے ، دونوں وزراء کو کہتا ہوں ہم آئین کی بحالی، شفاف انتخابات کا مطالبہ کررہے ہیں، چیف جسٹس سے انکوائری یا کمیشن کی ڈیمانڈ کرتے ہیں یہ نا حق نہیں ہے۔