عمران خان نے اہلیہ کے ساتھ مل کر اربوں کا ڈاکہ مارا: عظمیٰ بخاری

Published On 18 January,2025 11:50 am

لاہور: (دنیا نیوز) صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے اہلیہ بشریٰ بی بی کیساتھ مل کر اربوں کا ڈاکہ مارا۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ کل 190 ملین کیس میں بانی کو چوری کرنے پر سزا ہوئی تب سے پی ٹی آئی والوں کا رونا دھونا جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ برطانوی ایجنسی این سی اے نے پاکستانی حکومت سے رابطہ کیا آپ کے پیسے واپس بھیجنے ہیں، حکومتی اکاؤنٹ میں پیسے منتقل کرانے کے بجائے سپریم کورٹ کےاکاؤنٹ میں منتقل کرائے گئے، انہوں نے پیسوں کی بندر بانٹ کی۔

ان کا کہنا تھا کہ کیس میں ملزمان کو بیان ریکارڈ کرنے کے 15 مواقع دیئے گئے، انہوں نے کیس میں تاخیری حربے استعمال کیے،علیمہ خان کا بیان تھا کہ ہم خود چاہتے ہیں کیس کا فیصلہ آئے، کیس میں جرح مکمل کرنے کیلئے 35 سماعتیں ہوئیں، شہزاد اکبر کیس کا مرکزی کردار تھے ۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ شہزاد اکبر کو باعزت طریقے سے باہر جانے کی اجازت دی گئی، اس کیس کا فیصلہ آنے کے بعد شہزاد اکبر کو باہر جانے کی اجازت دینے پر سوال اٹھتا ہے، عمر ایوب کہتے ہیں کرپشن کا پوچھنا ہے تو حسن نواز سے پوچھیں، این سی اے نے حسن اور حسین نواز کے اکاؤنٹس کی چھان بین کے بعد کلیئر قرار دیا۔

لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ شیخ وقاص اکرم نے کہا بار بار بند لفافے کی بات کرتے ہیں وہ کھول کر دیکھ لیں، وقاص اکرم کی بات مضحکہ خیز ہے،بند لفافہ تب کھولنا چاہیے تھا جب آپکی کابینہ میں لایا گیا تھا،ان لوگوں کیلئے ڈوب مرنے کا مقام ہے جو بانی پی ٹی آئی کو سیاست میں لائے، ڈوب مرنے کا مقام ہے کہ عمران خان جیسے شخص کیلئے صادق و امین جیسا پاک لفظ استعمال کیا گیا۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ مکافات عمل اسی چیز کا نام جو اب ان کے ساتھ ہورہا ہے،یہ اعلیٰ عدالتوں کے ترجمان بنتے ہیں،یہ کیسے کہہ سکتے ہیں کہ اعلیٰ عدالتوں سے ان کو ریلیف ملے گا،ان کو یہ سب کون بتا رہا ہے اس چیز پر مجھے تشویش ہے،اعلیٰ عدالتوں کو اس معاملے کا نوٹس لینا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایسٹ ریکوری یونٹ نے پاکستان کے کروڑوں روپے ضائع کیے، ان کے ایسٹ ریکوری یونٹ نے ان کو کلین چٹ دی،وزیراعظم ہوتے ہوئے ٹرسٹی کیسے ہوسکتے ہیں،بانی پی ٹی آئی ملک بھر میں یونیورسٹیاں بنوا سکتے تھے،صرف القادریونیورسٹی کو بنوا کر فائدہ لینے کی کوشش کی گئی،انٹرنیشنل میڈیا بانی پی ٹی آئی کو کرپٹ قرار دے رہا ہے۔