جی ایچ کیو حملہ کیس: استغاثہ کے مزید ایک گواہ کا بیان ریکارڈ

Published On 18 January,2025 03:21 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) انسداد دہشتگردی عدالت نے جی ایچ کیو حملہ کیس میں استغاثہ کے مزید ایک گواہ اے ایس آئی نور کا بیان ریکارڈ کرلیا۔

اڈیالہ جیل راولپنڈی میں انسداد دہشتگردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت کی، مقدمہ میں نامزد ملزمان شیخ رشید، شیخ راشد شفیق، شہریار آفریدی اور راجہ بشارت عدالت پیش ہوئے، بانی پی ٹی آئی عمران خان کو جیل کے کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا۔

دوران سماعت استغاثہ کے مزید ایک گواہ اے ایس آئی نور کا بیان ریکارڈ کر لیا گیا، ملزمان سے برآمد مال مقدمہ بھی عدالت پیش کیا گیا، اے ایس آئی نور نے ملزمان سے برآمد ہونیوالے ڈنڈے ، لائٹر ، ماچس اور جھنڈے عدالت میں پیش کیے، مقدمہ میں مجموعی طور پر استغاثہ کے پانچ گواہان کی شہادت قلم بند کر لی گئی۔

مقدمہ میں نامزد ملزمہ مسرت جمشید چیمہ کے وکیل ڈاکٹر علی عمران کو آج سماعت میں داخلے کی اجازت نہ ملی ، وکیل علی عمران کی جانب سے وکلا ء کی غیر مشروط معافی کی زبانی درخواست بھی عدالت نے منظور نہ کی۔

عدالت نے حکم دیا کہ وکیل علی عمران پہلے عدالت کے نوٹس کا تحریری جواب دیں۔

بعدازاں انسداد دہشتگردی عدالت نے جی ایچ کیو حملہ کیس کی مزید سماعت 22 جنوری تک ملتوی کردی۔