عالمی سازشوں کے باوجود مدارس مزید مضبوط ہو رہے ہیں: مولانا فضل الرحمان

Published On 18 January,2025 05:33 pm

چارسدہ: (دنیا نیوز) جمعیت علما اسلام پاکستان کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا عالمی اسٹیبلشمنٹ کی سازشوں سے مدارس مزید مضبوط ہو رہے ہیں، مدارس ختم کرنے کی خواہش اور سازش انگریز وں کی بھی تھی۔

چارسدہ میں خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے اسلام کو ہمارے لیے نظام حیات بنایا ہے، ہمارا ملک سر تا پاؤں سود میں ڈوبا ہوا ہے، سارے ادارے اور بینک سودی نظام پر چل رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس ڈمی اسمبلی میں بیٹھنے کی ہمیں کوئی خواہش نہیں، ہمارے وسائل پر ہمارا اختیار ہے، یہ وسائل کوئی بھی ہم سے نہیں چھین سکتا۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں امن و امان نام کی کوئی چیز نہیں، خیبر پختونخوا میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں، مضبوط حکومت کے بغیر ملک نہیں چل سکتا، معیشت کے اشاریوں سے قوم کو بے وقوف نہیں بنایا جا سکتا۔

سربراہ جے یو آئی پاکستان نے کہا کہ نااہل حکمران بتائیں کہ کیا الہ دین کا چراغ ملا ہے، حکومت معیشت کی بہتری کے دعوے کرتی ہے تو بتائیں کہ وسائل کہاں سے آئے، ہماری سرزمین اللہ کی نعمتوں سے بھری پڑی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا صوبہ آگ میں جل رہا ہے، خیبر پختونخوا میں حکمران کا معلوم نہیں کہ کون ہے، معلوم نہیں صوبے میں اور وفاق میں کون حکمران ہے، حکومت نااہل لوگوں کے پاس ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ آج سیاست کا معنی تبدیل ہو گیا ہے، آج سیاست کا مقصد کرسی اور اقتدار کا حصول ہے، خیبر پختونخوا میں مذہب کی گہری جڑیں اکھاڑنے کیلئے این جی اوز کو استعمال کیا گیا، مدارس اور علوم اور سیاست کی حفاظت ہماری ذمہ داری ہے۔