اسلام آباد:(دنیا نیوز) آئینی بینچ ممبر جسٹس جمال مندوخیل کی سربراہی میں آئندہ ہفتہ 20 کیسز کی ان چیمبر سماعت کریں گے۔
کاز لسٹ کے مطابق 22 افراد کی ہلاکت پر ناقص منصوبہ بندی پر انتظامیہ کے خلاف کیس ،فوجی عدالتوں کے موجودہ اختیارات کو غیر آئینی قرار دینے کی درخواست جبکہ پی سی او کے تحت حلف لینے والے ججز کے خلاف کارروائی کے لیے کیس کی سماعت 20 جنوری کو ہوگی۔
اسی طرح ویزا اور امیگریشن کنسلٹنسی کے قوانین کے قیام پر کیس بھی 20 جنوری کو شیڈول ہے، ایک ہی وقت میں کئی نشستوں پر امیدواروں کی نامزدگی پر پابندی کے حوالے سے درخواست پر سماعت 21 جنوری کو ہوگی۔
راجہ ریاض احمد کی بطور اپوزیشن لیڈر اور محسن نقوی کی بطور نگران وزیراعلی تعیناتی کے خلاف پی ٹی آئی کی درخواست، آئین پاکستان کے آرٹیکل 63 اے کو کالعدم قرار دینے کی درخواست پر سماعت 22 جنوری کو ہوگی۔
بانی پی ٹی آئی کے خلاف ترمیمی آفیشل سیکرٹس ایکٹ 2023 اور پاکستان آرمی ایکٹ 2023 کالعدم قرار دینے کی درخوست کی سماعت 23 جنوری کو ہوگی۔
علاوہ ازیں سرکاری بلز اور بجلی کے زائد اخراجات پر جماعت اسلامی کی درخواست پر 23 جنوری کو سماعت ہوگی، جسٹس جمال مندو خیل درخواستوں پر ان چیمبر سماعت کریں گے۔