سیاسی جماعتوں میں ثالثی کیلئے کردارادا کرنے کو تیار ہوں: شاہد خاقان

Published On 18 January,2025 11:41 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز)سربراہ عوام پاکستان پارٹی شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ مجھے سیاسی جماعتوں میں کوئی ثالثی کا کہے گا تو کردار ادا کروں گا۔

پروگرام   ٹونائٹ ودثمرعباس  میں گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ کل محموداچکزئی دعوت دینے آئے تھے، انہوں نے تحریک تحفظ آئین پاکستان میں شمولیت کی دعوت دی، میں نے کہا اپنی جماعت سے مشاورت کرنے کے بعد آپ کو آگاہ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کا نظام آئین کے مطابق ہونا چاہیے، سیاسی جماعتیں مسائل کےحل کیلئے پارلیمان میں بات کریں، ملک میں آئین کی بالادستی ہونی چاہیے، پی ٹی آئی کی آرمی چیف سے ملاقات کا مجھے کوئی علم نہیں، میرے مطابق میٹنگ خیبرپختونخواکی سکیورٹی صورتحال پر تھی۔

سربراہ عوام پاکستان پارٹی کا کہنا تھا کہ 8فروری کوتحریک انصاف کے یوم سیاہ میں شرکت کی دعوت نہیں ملی، احتجاج آئین کے دائرے میں رہ کر کرنا چاہیے، ملک کے لیے بیٹھنا پڑے گا۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ اگرمجھےکوئی ثالثی کا کہے گا توکرداراداکروں گا، مہنگائی کی شرح کم نہیں ہوئی، ملک میں سرمایہ کاری نہیں آ رہی، ملک میں سرمایہ کاری نہ ہوناحکومت کی ناکامی ہے، نیب نے آج تک کسی کرپٹ آدمی کو نہیں پکڑا۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی دورمیں اپوزیشن کہتی تھی نیب کوختم کرو، یہاں چوردوسروں کو پکڑنے کے چکر میں ہوتا ہے، جمہوریت میں ایک حکومت اوردوسری اپوزیشن ہوتی ہے، اپوزیشن کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے، پی ٹی آئی کی ناکامی ہے اپوزیشن نہیں کرتی۔

سربراہ عوام پاکستان پارٹی کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کبھی سڑکوں پر کبھی عدالتوں میں گھوم رہی ہوتی ہے، پی ٹی آئی پارلیمان میں کیوں بات چیت نہیں کرتی؟