عمران خان اور ان کی اہلیہ کو سزا قانون کے مطابق ملی ہے: رانا تنویر حسین

Published On 19 January,2025 11:47 am

شرقپور شریف : (دنیا نیوز) وفاقی وزیر و رہنما مسلم لیگ ن رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان اور انکی اہلیہ بشریٰ بی بی کو سزا قانون کے مطابق ملی ہے۔

اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیر رانا تنویر حسین کا کہنا تھا کہ عمران خان نے اپنی کابینہ کو دھوکہ دے کر تاریخ کی بڑی کرپشن کی، مذاکرات جمہوریت کا حسن ہیں ہم چاہتے ہیں تحریک انصاف ایوان میں بیٹھےلیکن اس میں کامیابی نظر نہیں آرہی ، عمران خان کے خمیر میں مثبت سیاست نہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی این آر او کے لیے منتیں کررہی ہے، تحریک انصاف سے نہ ڈیل ہو گی نہ ڈھیل ہوگی، کرم ایجنسی کا مسئلہ تشویشناک ہے اس کا حل نکلنا چاہیے، کرم میں امن و امن قائم رکھنا خیبرپختونخوا حکومت کی ذمہ داری ہے، امن و امن برقرار رکھنے کے لیے وفاق کے پی حکومت کی مدد کرنے کو تیار ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ رمضان میں عوام کے لیے وزیر اعظم جلد بڑے پیکیج کا اعلان کریں گے، یوٹیلیٹی سٹورز کو پرائیویٹ کرنے یا پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پر چلانے کی طرف جارہے ہیں، یورپ کشتی حادثہ میں پاکستانیوں کی اموات پر دکھ ہے، انسانی سمگلنگ پر سخت قوانین بنارہے ہیں تاکہ آئندہ کوئی حادثہ نہ ہو۔