مظفرآباد: (دنیا نیوز) آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مظفرآباد کے بلند پہاڑی علاقے کوہ مکڑا ، پیر چناسی ، سراں ، پنجکوٹ اور بھیڑی کے علاقوں میں برفباری ہو رہی ہے، سدبن ، پیر ہسی مار کے پہاڑوں نے بھی برف کی چادر اوڑھ لی ہے۔
موسم کا احوال بتانے والوں کے مطابق دارالحکومت و گردونواح میں ہلکی بارش سے موسم شدید سرد ہو گیا ہے، وادی لیپا کے علاقوں میں بھی وقفے وقفے سے برفباری کا سلسلہ جاری ہے جبکہ وادی نیلم کے بیشتر علاقوں میں وقفے وقفے سے برفباری اور زیریں علاقوں میں بارش ہو رہی ہے۔
سٹیٹ ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ باغ کے بلند پہاڑی علاقے گنگا چوٹی اور سدھن گلی میں برفباری سے رابطہ سڑکیں بند ہو گئی ہیں، ٹرانسپورٹرز برفباری کے دوران بالائی علاقوں کے سفر سے اجتناب برتیں۔