اسلام آباد: (دنیا نیوز) رہنما تحریک انصاف بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ سزا کیخلاف اپیل تیار ہوگئی، آج یا کل دائرکریں گے، مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے، اگرہمارے مطالبات نہ مانے گئے تو مذاکرات ختم ہو جائیں گے۔
دنیا نیوز کے پروگرام ’’ دنیا مہر بخاری کے ساتھ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ مذاکرات کا بانی کی رہائی سے کوئی تعلق نہیں ہے، بانی کے خلاف جھوٹے اور بےبنیاد کیسز بنائے گئے۔
بیرسٹر علی ظفر کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی عدالتوں میں اپنے کیسز کا سامنا کریں گے، بانی پی ٹی آئی عدالتوں سے سرخرو ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ بیرسٹر گوہر کی آرمی چیف سے ملاقات ہوئی، حکومت ایک ملاقات سے گھبرا گئی، آرمی چیف سے ملاقات کے بعد (ن) لیگ والے پریشان ہیں۔
بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ آرمی چیف سے بیرسٹر گوہر کی کیا بات ہوئی اس پر حکومت کو پریشان رکھنا ہے، ہم نے حکومت کو تحریری طور پر مطالبات پیش کر دیئے ہیں، مطالبات نہ مانے گئے تو ایک سیکنڈ بھی مذاکراتی عمل میں نہیں بیٹھیں گے۔
رہنما تحریک انصاف نے کہا کہ حکومت نے سب کمیٹی بنائی ہے تو ہمیں امید رکھنی چاہیے، بانی نے کہا اگر مطالبات نہیں مانے گئے تو مذاکرات ختم ہو جائیں گے۔