ملک میں بارشوں کی کمی کے باعث خشک سالی کا خطرہ، ایڈوائزی جاری

Published On 22 January,2025 10:56 am

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ملک میں بارشوں کی کمی کے باعث خشک سالی کا خطرہ پیدا ہوگیا۔

پاکستان میٹرولوجیکل ڈپارٹمنٹ (پی ایم ڈی) کے قومی خشک سالی مانیٹرنگ سینٹر (این ڈی ایم سی) نے ایڈوائزی میں کہا کہ میدانی علاقوں میں خاطر خواہ بارش نہ ہونے کی وجہ سے خشک سالی کی صورتحال میں اضافہ ہوا ہے۔

پی ایم ڈی کے مطابق یہ الرٹ 9 دسمبر کو جاری کردہ خشک سالی ایڈوائزری -1 کا تسلسل ہے، یکم ستمبر 2024 سے 15 جنوری 2025 تک پاکستان بھر میں معمول سے 40 فیصد کم بارشیں ریکارڈ کی گئیں، بارشوں کی کمی کے باعث موسم گرما بھی جلد آنے کا امکان ہے۔

یکم ستمبر سے 15 جنوری تک سندھ میں 52 فیصد اور بلوچستان میں 45 فیصد کم بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ پنجاب میں بارشوں میں 42 فیصد کمی ہوئی، کم بارشوں کی وجہ سے ملک کے مختلف علاقوں میں خشک سالی جیسی صورتحال پیدا ہوگئی، جن میں بارش پر منحصر علاقے بھی شامل ہیں۔

پی ایم ڈی نے کہا کہ پنجاب میں پوٹھوہار کے علاقے اٹک، چکوال، راولپنڈی/ اسلام آباد، بھکر، لیہ، ملتان، راجن پور، بہاولنگر، بہاولپور، فیصل آباد، سرگودھا، خوشاب، میانوالی اور ڈی جی خان میں ہلکی خشک سالی دیکھی گئی۔

سندھ میں بھی کراچی، ٹھٹھہ، بدین، حیدرآباد سمیت 10 شہروں میں ہلکی خشک سالی کے آثار ہیں جبکہ بلوچستان میں اورماڑا، خاران، تربت، کیچ، پنجگور سمیت مختلف شہروں میں ہلکی خشک سالی نمودار ہوچکی ہے۔

ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ خشک سالی کی صورتحال مزید بگڑنے کا امکان ہے کیونکہ پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے بارش پر منحصر علاقوں میں کوئی قابل ذکر بارش کا امکان نہیں ہے۔