پاکستان میں دہشتگردی میں افغان شہریوں کے ملوث ہونے کے ناقابل تردید شواہد

Published On 22 January,2025 10:11 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان میں دہشتگردی کےو اقعات میں افغان شہریوں کے ملوث ہونے کے ناقابل تردید شواہد سامنے آگئے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج نے بلوچستان کے علاقے ژوب میں پاکستانی سکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپ میں مارے جانیوالے ایک افغان عسکریت پسند کی لاش طالبان کے حوالے کردی،عسکریت پسند کی شناخت 48 سالہ محمد خان احمد خیل نام سے ہوئی جو ایک افغان شہری ہے۔

عسکری ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کے اندر مسلح جھڑپوں میں ملوث ایک افغان عسکریت پسند کی شناخت ہماری قومی سلامتی کے لیے خطرہ بننے والی تخریبی سرگرمیوں کے سرحد پار سے ہونے کی نشاندہی کرتی ہے، یہ کیس پاکستان کے دیرینہ مؤقف کو تقویت دیتا ہے کہ ٹی ٹی پی سمیت دشمن عناصر پاکستان میں پرتشدد کارروائیوں کے لیے افغان سرزمین کا استعمال کرتے ہیں۔

ذرائع نے کہا ہے کہ اس طرح کے واقعات پاکستان کو غیر مستحکم کرنے میں افغان شہریوں کی فعال شرکت کو ظاہر کرتے ہیں، افغان عسکریت پسند کی لاش کا براہ راست افغان حکام کے حوالے کرنا دہشت گردی کے مشترکہ چیلنج سے نمٹنے کے لیے تعاون کی ضرورت کو اجاگر کرتا ہے۔

سکیورٹی ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ سرحد پار محفوظ پناہ گاہوں اور سپورٹ نیٹ ورکس سے نمٹنے کی فوری ضرورت ہے، سرحد پار سے ایسے خطرات سے نمٹنے کے لیے مضبوط بین الاقوامی کوششیں بھی ناگزیر ہیں۔