ایشین اوپن تائیکوانڈو چیمپئن شپ سے ملک میں کھیل کو فروغ ملے گا، صبا شمیم جدون

Published On 22 January,2025 04:10 am

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن کی (ویمن ونگ) کی صدر صبا شمیم جدون نے کہا ہے کہ ملک میں ایشین اوپن تائیکوانڈو چیمپئن شپ سے کھیل کو فروغ حاصل ہو گا۔

صبا شمیم جدون نے کہا کہ ایشین اوپن تائیکوانڈو چیمپئن شپ 14 سے 20 فروری تک اسلام آباد میں کھیلی جائے گی جس کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں اور چیمپئن شپ میں ایشیائی سطح کے مرد اور خواتین کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔

صبا شمیم جدون نے مزید کہا کہ قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ اسلام آباد میں جاری ہے اور کھلاڑی بھرپور محنت کر رہے ہیں، ایک سوال کے جواب میں میڈم صباشمیم جدون نے کہا کہ پاکستانی کھلاڑیوں نے بین الاقوامی سطح پر بے پناہ میڈلز حاصل کر رکھے ہیں اور امید ہے اس ایشین چیمپئن شپ میں بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔