چیئرمین سینیٹ سے سویڈن کی سفیر کی ملاقات، وفود کے تبادلوں پر تفصیلی تبادلہ خیال

Published On 22 January,2025 03:36 am

اسلام آباد: (ویب ڈیسک)چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی سے سویڈن کی سفیر الیگزینڈرا کانیل برخ نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔

چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان سویڈن کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، سویڈن کے ساتھ سفارتی تعلقات 75سال پر محیط، دن بدن مضبوط ہو رہے ہیں، بین الاقوامی فورمز پر تعاون مثبت ہے۔

یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ سرمایہ کاری کے لئے ماحول سازگار ہے، سرمایہ کاروں کو تحفظ فراہم کریں گے، زراعت، تعلیم، موسمیاتی تبدیلیوں سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے لئے وسیع گنجائش موجود ہے، پاکستان میں چمڑے کی مصنوعات کی تیاری کی مہارت موجود ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ کثیر الجہتی شعبوں میں تعاون عوامی روابط کو فروغ دینے میں مدد گار ثابت ہو گا، انہوں نے سفیر کو ایوان بالا کے کام کے طریقہ کار، اہمیت ، آئینی کردار کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔

سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پارلیمانی سطح پر وفود کے تبادلوں میں تیزی لانا وقت کی اہم ضرورت ہے، پاکستان کی سینیٹ میں پاکستان سویڈن فرینڈشپ تشکیل دیا گیا ہے، پارلیمانی وفود کے تبادلوں سے عوام کو مزید قریب لانے میں مدد ملے گی، انہوں نے کہا کہ آئی پی یو اور دیگر سطح پر تعاون بہترین ہے۔