ہم بلدیاتی نمائندوں کو بے یار و مددگار نہیں چھوڑیں گے: فیصل کریم کنڈی

Published On 16 January,2025 03:20 am

پشاور: (ویب ڈیسک) گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ہم بلدیاتی نمائندوں کو کسی بھی صورت میں بے یارو مددگار نہیں چھوڑیں گے۔

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی سے لوکل کونسل ایسوسی ایشن خیبرپختونخوا کے ایک وفد نے ملاقات کی، وفد میں ایسوسی ایشن کے صوبائی صدر معروف سیاسی شخصیت و میئر مردان حمایت اللہ خان، کوآرڈینیٹر انتظار خلیل اورویلیج کونسل بنوں کے صدر میاں محفوظ الرحمان شامل تھے،رکن صوبائی اسمبلی ارباب ذرک خان بھی اس موقع پر موجود تھے۔

وفد نے بلدیاتی نمائندوں کو درپیش مشکلات اور اس حوالہ سے صوبائی حکومت کے غیر جمہوری رویہ سے آگاہ کیا، گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبائی حکومت تین سال سے بلدیاتی نمائندوں کے حقوق پر شب خون مار رہی ہے نہ ہی اختیارات دیئے جارہے ہیں نہ فنڈز اور اپنے حق کے حصول کے لئے پرامن احتجاج کرنے والوں پر تشدد بھی کیا جاتا ہے، یہ انتہائی نامناسب غیر جمہوری رویہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ فروری کے پہلے ہفتے میں گورنر ہاؤس میں صوبہ بھر کے بلدیاتی نمائندوں کے کنونشن کی میزبانی کریں گے اور ان کے مسائل کے حل کی جدوجہد میں اپنا کردار ادا کریں گے.