کراچی: (دنیا نیوز) پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر فریال تالپور نے کہا ہے کہ قیدی خواتین، ان کے بچوں اور کم عمر قیدیوں کی اصلاح کیلئے فوری اقدامات ناگزیر ہیں۔
سندھ اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کی چیئرپرسن و پی پی پی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر فریال تالپور کی زیرِ صدارت پارٹی کی خواتین ارکانِ اسمبلی کا اہم اجلاس ہوا۔
زرداری ہاؤس کراچی میں منعقدہ اجلاس میں سندھ کے وزیرِ داخلہ ضیاء الحسن لنجار اور آئی جی جیل خانہ جات قاضی نظیر بھی شریک ہوئے، اجلاس کے دوران جیلوں میں قیدی خواتین کی بہبود کے حوالے سے غور و خوض کیا گیا۔
اجلاس میں خواتین قیدیوں، ان کے بچوں اور کم عمر قیدیوں کی فلاح و بہبود کے لیے مجوزہ اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
فریال تالپور نے کہا کہ خواتین ارکان اسمبلی جیلوں میں قید خواتین اور ان کے بچوں کی فلاح و بہبود کے حوالے سے اپنا کردار ادا کریں۔
رہنما پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ جدید اصلاحی پروگرامز کے ذریعے جیلوں کو حقیقی معنوں میں اصلاحی گھروں میں تبدیل کیا جاسکتا ہے۔