ملک بھر میں سردی برقرار، بالائی علاقوں میں برفباری، رابطہ سڑکیں بند

Published On 22 January,2025 01:52 am

لاہور: (دنیا نیوز) ملک بھر میں سردی کی شدت برقرار رہی، بالائی علاقوں میں برفباری ہوئی۔

بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بارش اور برفباری ہوئی، وادی نیلم کے علاقے گریس، جاگراں میں سفید چادر بچھ گئی، وادی لیپا، پیر چناسی میں بھی برفباری ہوئی، بالائی علاقوں کی رابطہ سڑکیں بند ہوگئیں، مقامی لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

خیبرپختونخوا میں سب سے زیادہ بارش مالم جبہ میں 12 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، کالام میں نو انچ برفباری ریکارڈ کی گئی، لہہ میں پارہ منفی 9، سکردو منفی 5،ہنزہ، استور میں منفی 2 اور کلام میں منفی ایک ریکارڈ کیا گیا۔

کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ اور چاغی میں تیز ہوائیں چلنے کے ساتھ بارش اور برفباری کا امکان ہے۔