جام کمال کی کمبوڈین وزیراعظم سے ملاقات، تجارت، دیگر شعبوں میں شراکت داری کا عزم

Published On 22 January,2025 03:40 am

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کمبوڈین وزیراعظم سمڈیچ ہن مانیٹ سے ملاقات کی اور دوطرفہ تعلقات مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کمبوڈین وزیراعظم سمڈیچ ہن مانیٹ سے اپنے تاریخی دورہ کمبوڈیا کے دوران پاکستانی وفد کی گرم جوشی سے میزبانی کرنے پر اظہار تشکر کیا، جام کمال خان نے پاکستان اور کمبوڈیا کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کے بے پناہ امکانات کو اجاگر کیا۔

انہوں نے کاروباری تعلقات (بزنس ٹو بزنس) کو مضبوط کرنے کی ضرورت پر زور دیا جو مستحکم اقتصادی روابط کی بنیاد بن سکتے ہیں، وزیراعظم سمڈیچ ہن مانیٹ نے وزیر تجارت کے دورے کا خیرمقدم کیا اور پاکستان اور کمبوڈیا کے درمیان پہلے مشترکہ تجارتی کمیٹی اجلاس کے کامیاب اختتام پر اطمینان کا اظہار کیا۔

انہوں نے ٹیکسٹائل اور صحت کے شعبوں میں تعاون کے مواقع کو اجاگر کیا اور تجویز دی کہ ان شعبوں کو ابتدائی مرحلے میں ترجیح دی جائے، وزیراعظم نے عالمی سطح پر تجارت اور سرمایہ کاری کے رجحانات میں ہونے والی تبدیلیوں کو تسلیم کرتے ہوئے ان مواقع کو بروئے کار لانے کی ضرورت پر زور دیا جو کمپنیاں نئے علاقوں میں منتقل ہونے کے دوران پیدا کرتی ہیں۔

کمبوڈیا کے وزیراعظم نے اس بات کی بھی یقین دہانی کرائی کہ اسلام آباد میں کمبوڈین رہائشی مشن کے قیام کا عمل جاری ہے جو دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے اور عوامی سطح پر رابطے بڑھانے میں مددگار ہوگا۔