پاک افغان سرحد پر ہتھیاروں کی بڑی کھیپ پاکستان سمگلنگ کی کوشش ناکام

Published On 22 January,2025 12:32 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد پر بھاری ہتھیاروں کی بڑی کھیپ کی پاکستان میں سمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی۔

ذرائع کے مطابق پاک افغان سرحد سے متصل غلام خان بارڈر ٹرمینل پر سکیورٹی فورسز نے اسلحہ بردار ٹرک قبضے میں لیا تھا، یہ کارروائی 8 جنوری کو کی گئی تھی، ٹرک سے جدید ساخت کا غیر ملکی اسلحہ اور میگزین برآمد کر لیے گئے ہیں، جنہیں ڈرائیور کیبن کے خفیہ خانوں میں چھپایا گیا تھا۔

سکیورٹی ذرائع کا بتانا ہے کہ ٹرک سے برآمد کیے گئے غیر ملکی ہتھیاروں میں 26 ایم 16 رائفلز، ایم 16 اور ایم 4 رائفلز کے 292 میگزین، 10 ہزار سے زائد گولیاں، کلاشنکوف کے 9 میگزین اور 244 گولیاں شامل ہیں، لائٹ مشین گن کی 744 گولیاں اور بڑی تعداد میں لنکرز بھی برآمد کیے گئے ہیں۔

دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ فتنہ الخوارج کی قیادت اور اس سے منسلک دہشت گردوں کی افغانستان میں موجودگی افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کی ملی بھگت کاواضح ثبوت ہے۔

ماہرین کے مطابق یہ بات عیاں ہے کہ افغان چیک پوسٹوں کی جانب سے فتنہ الخوراج کو سہولت کاری فراہم کی جارہی ہے، اسلحہ کھیپ کی برآمدگی اس بات کا بھی ثبوت ہے کہ خوارج افغان طالبان کی چھتری تلے یہ سب کچھ کر رہے ہیں۔