اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر آصف علی زرداری سے آذربائیجان کے وزیر دفاعی صنعت وگار مصطفیٰ یوو کی ایوان صدر میں ملاقات ہوئی۔
ملاقات کے دوران پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان تجارت، توانائی، فضائی اور عوامی روابط کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان تاریخی اور گہرے تعلقات ہیں، علاقائی اقتصادی تعاون کے فروغ کیلئے عوامی ، سیاحتی اور تجارتی اور کاروباری تعلقات بڑھانے کی ضرورت ہے۔
آصف علی زرداری نے پاکستان اور آذربائیجان کے مابین ثقافتی روابط ، عوامی وفود کے تبادلوں کو مزید فروغ دینے کیلئے طریقے تلاش کرنے پر زور دیا اور پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان براہ راست پروازوں کا خیرمقدم کیا۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ امید ہے براہ راست پروازوں سے عوامی روابط کو مزید فروغ حاصل ہوگا، 2024 میں 72,000 سے زائد پاکستانیوں نے کاروباری اور سیاحتی مقاصد کیلئے آذربائیجان کا دورہ کیا۔
آذربائیجان کے وزیر دفاعی صنعت وگار مصطفیٰ یوو نے دونوں ممالک کے مابین گہرے تعلقات کو اجاگر کیا، انہوں نے کہا کہ آذربائیجان توانائی، کاروبار اور ثقافتی شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون مزید بڑھانے کا خواہاں ہے۔
آذربائیجانی وزیر دفاعی صنعت نے کہا کہ دونوں ممالک نے مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا، آذربائیجان کے لیے پاکستان کی سیاسی حمایت کو آذربائیجان کے عوام ہمیشہ یاد رکھیں گے۔
آذربائیجان کے وزیر دفاعی صنعت وگار مصطفیٰ یوو نے پرتپاک استقبال پر صدر مملکت کا شکریہ ادا کیا، آذربائیجان کے وزیر نے صدر مملکت کی اچھی صحت کیلئے آذربائیجان کے صدر کی جانب سے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
وگار مصطفیٰ یوو نے پاکستان کے امن و خوشحالی کے لیے بھی آذربائیجان کے صدر کی جانب سے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔