صدر مملکت، وزیراعظم کا 8 خوار ج کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین

Published On 14 January,2025 12:52 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے خیبرپختونخوا میں 2 مختلف آپریشنز کے دوران 8 خوارجیوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے ضلع ٹانک اور خیبر میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو سراہا اور دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے قومی عزم کا اظہار کیا۔

آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ فتنہ الخوارج کے مکمل خاتمے کیلئے پوری قوم اپنی بہادر سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔

حکومت اور سکیورٹی فورسز دہشتگردی کے مکمل سدباب کیلئے متحرک ہیں: وزیراعظم

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو اسی طرح خاک میں ملاتے رہیں گے، قوم کو سکیورٹی فورسز کے نڈر نوجوانوں پر فخر ہے، حکومت اور سکیورٹی فورسز ملک سے دہشتگردی کے مکمل سد باب کے لیے متحرک ہیں۔

قوم کی حمایت سے خوارجی دہشتگردوں کا مکمل خاتمہ کریں گے: محسن نقوی

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے اس حوالے سے کہا کہ 8 خوارجی دہشتگردوں کو جہنم واصل کرکے سکیورٹی فورسز نے بڑی کامیابی حاصل کی، خیبرپختونخوا میں دہشتگردوں کے مذموم عزائم ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

محسن نقوی کا مزید کہنا تھا کہ 8 دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر پوری قوم سکیورٹی فورسز کو سلام پیش کرتی ہے ، قوم سکیورٹی فورسز کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی ہے، قوم کی حمایت سے خوارجی دہشتگردوں کا مکمل خاتمہ کریں گے۔