ای وی بسوں کے ٹویٹ پر شرجیل میمن کے خلاف عظمیٰ بخاری کا ردعمل سامنے آگیا

Published On 31 January,2025 11:34 pm

لاہور:(دنیا نیوز) وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کے سوشل میڈیا پر ای وی بسوں کے حوالے سے کیے گئےٹویٹ پر ردعمل میں شدید تنقید کی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جواب میں پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے شرجیل میمن سے کہا کہ سمجھ نہیں آرہی ہے آج کل آپ لوگ اتنےغیرمحفوظ کیوں ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پہلے تاجروں کی مذاق میں کی گئی گفتگو پر ان کو بلا کر جھاڑ پلانا اور اب یہ؟ ویسے اورنج لائن، تین میٹروز، سپیڈو بسوں اور الیکٹرک بائیکس کے بعد الیکٹرک بسیں اگلا قدم ہے۔

وزیر اطلاعات پنجاب  نے حکومت سندھ کی کارکردگی پر تبصرہ کیے بغیر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ویسے سندھ میں پبلک ٹرانسپورٹ کی اصل صورت حال اور کہانی پھر سہی۔

خیال رہے شرجیل انعام میمن نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو مخاطب کرکے کہا تھا کہ پنجاب میں نہیں بلکہ سندھ میں پہلے الیکٹرک بسیں چلی ہیں جبکہ مریم نے ٹویٹ میں کہا تھا کہ پنجاب پہلا صوبہ ہے جہاں الیکٹرک بسوں کا منصوبہ شروع کیا جا رہا ہے۔