راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق بلوچستان میں 24 گھنٹے کے دوران مختلف کارروائیوں میں 23 دہشت گرد ہلاک جبکہ 18 جوان شہید ہو گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق گزشتہ رات قلات کے علاقے منگوچر میں دہشت گردوں نے روڈ بلاک بنانے کی کوشش کی، سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے فوری متحرک ہوئے جنہوں نے دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو کامیابی سے ناکام بنا دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق منگوچر آپریشن میں 12 دہشت گرد جہنم واصل ہوئے جبکہ دہشت گردوں سے لڑتے ہوئے بلوچستان ایف سی کے 18 جوان بھی شہید ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ضلع قلات میں دہشت گردی کی کارروائی کے پس منظر میں سکیورٹی فورسز کے متعدد سینیٹائزیشن آپریشنز جاری ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع ہرنائی میں آپریشن کے دوران 11 دہشت گرد مارے گئے، کارروائیوں میں دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانے بھی تباہ کر دیئے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق اس گھناؤنے اور بزدلانہ فعل کے مرتکب افراد اور سہولت کاروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے تک سینیٹائزیشن آپریشن جاری رہیں گے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز قوم کے ساتھ مل کر بلوچستان اور ملک سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کیلئے پُرعزم ہیں۔