اسلام آباد ہائیکورٹ کی کاز لسٹ جاری، جسٹس سرفراز مخصوص بینچ نمبر 2 میں شامل

Published On 02 February,2025 06:29 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ کے رجسٹرار نے آئندہ ہفتے کا روسٹر جاری کردیا۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق نے خط لکھنے والے پانچ ساتھی ججوں کی رائے سے اتفاق نہ کیا۔

پاکستان کی تین دیگر ہائیکورٹس سے ٹرانسفر ہونے والے تین ججوں کا نام نئے ہفتے کی کاز لسٹ میں شامل کر لیا گیا، نئی کاز لسٹ کے مطابق لاہور ہائیکورٹ سے آنے والے جسٹس سرفراز ڈوگر سینئر پیونی جج کیلئے مخصوص بینچ نمبر 2 میں شامل ہیں۔

اس سے پہلے بینچ 2 کی سربراہی کرنے والے جسٹس محسن اختر کیانی کل سے اسلام آباد ہائیکورٹ کے بینچ نمبر 3 کی سربراہی کریں گے۔

سنگل بینچز کی فہرست میں بھی جسٹس سرفراز ڈوگر کا نام دوسرے اور جسٹس محسن کا نام تیسرے نمبر پر موجود ہے جبکہ سندھ ہائیکورٹ سے آنے والے جسٹس خادم حسین سومرو 9 ویں اور بلوچستان ہائیکورٹ سے آنے والے جسٹس آصف 11 ویں نمبر پر موجود ہیں۔ 

خیال رہے کہ دو روز قبل اسلام آباد ہائیکورٹ کے پانچ ججوں نے اپنے خط میں یہ مؤقف اختیار کیا تھا کہ ٹرانسفر ججوں کو نیا حلف لینا ہوگا اور ان کی سنیارٹی بھی اسی دن سے شمار ہوگی۔