اسلام آباد:(دنیا نیوز) سربراہ جے یو آئی ف مولانا فضل الرحمان نے صحافیوں کو پیکا بل پر ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کرا دی۔
سربراہ جے یو آئی ف مولانا فضل الرحمان نے پارلیمنٹ ہاؤس میں پی آر اے کے دفتر کا دورہ کیا،اور پارلیمانی رپورٹرز سے ملاقات کی ، ملاقات میں ان کا کہنا تھا کہ سیاست اور صحافت ہمیشہ ایک دوسرے سے وابستہ رہے ہیں۔
مولانا فضل الرحمان نے پارلیمانی رپورٹرز سے پیکا بل پر اپنے ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ پارلیمان کے اندر ارکان اور صحافیوں کے تعلق کا بھی ادراک و احترام ہے، انسان قوانین بناتا ہے تو خاص معروضی حالات کو مدنظر رکھ کر بناتا ہے مگر ایک وقت کے بعد اس کی افادیت ختم ہوجاتی ہے، بالخصوص 26 ویں ترمیم کے وقت جو حالات رہے تعجب ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پیکا قانون پر اپنے موقف کو دہراؤں گا، پیکا قانون پر صحافیوں کو اعتماد میں لیا جاتا اور ان کی تجاویز لی جاتیں، صدر کو کہا تھا صحافیوں کی تجاویز اور صحافتی تنظیموں کی رائے لیں۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ صدر مملکت سے کہا تھا وہ صحافیوں سے ملاقات کا وقت دیں اور دستخط نہ کریں،آصف زرداری نے کہا کہ محسن نقوی سے کہوں گا کہ وہ بات چیت کریں اور ملیں۔