مولانا فضل الرحمان کا ایک بار پھر نئے انتخابات کرانے کا مطالبہ

Published On 04 February,2025 11:04 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسد قیصر کے عشائیہ میں مولانا فضل الرحمان نے ایک بار پھر نئے انتخابات کرانے کا مطالبہ کردیا۔

سربراہ جے یو آئی ف نے وفد کے ہمراہ اسلام آباد میں اسد قیصرکی دعوت پرعشایئےمیں  شرکت کی، عشائیہ میں سیاسی صورتحال پرمشاورت ہوئی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئےمولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ 8فروری کا الیکشن دھاندلی شدہ تھا، یہ عوامی نہیں اسٹیبلشمنٹ نےمرضی کی حکومت بنائی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کے لوگوں کو فوری طور پر مستعفی ہو کر ازسرنو انتخابات کا اعلان کر دینا چاہیے جبکہ الیکشن کمیشن شفاف الیکشن کرانےمیں ناکام رہا، الیکشن کمیشن کی مدت مکمل ہو چکی ہے، ہم ایک بار پھر نئے انتخابات کرانے کا مطالبہ دہراتے ہیں۔

دوسری جانب رہنما تحریک انصاف اسد قیصر کا ملکی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہمارا بنیادی مقصد ہے کہ ملک میں آئین وقانون کی بالادستی ہونی چاہیے۔

پی ٹی آئی اعلامیہ
علاوہ ازیں ملاقات کے متعلق پی ٹی آئی کی جانب سے اعلامیہ جاری کیا گیا ، اعلامیہ کے مطابق عشائیہ میں ملک کی سیاسی ومعاشی،سیکورٹی صورتحال پرگفتگوہوئی، موجودہ حکومت ایک غیرنمائندہ حکومت ہے، اس حکومت کومسلط کیا گیا ہے۔

اعلامیہ میں یہ بھی بتایا گیا کہ شرکا نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ نئےانتخابات ہی ملک کودرپیش مسائل،عدم استحکام سےنکالنے کا واحد راستہ ہے، ملک میں ریاستی جبرکا فوری خاتمہ کیا جائے، سیاسی قیدیوں کوفوری رہا کیا جائے اور پیکا جیسےکالےقانون کوفوری ختم کیا جائے۔

خیال رہے مولانا فضل الرحمان نے اعلامیہ جاری ہونے کےبعد سوالات کےجواب دینےسےانکار کردیا۔