کچھ بھی کر لیں 8 فروری کو عوام باہر نکلیں گے، شیخ وقاص اکرم

Published On 06 February,2025 04:55 pm

پشاور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ ایم این ایز، ایم پی ایز کے گھروں پر چھاپے مارے جا رہے ہیں، یہ کچھ بھی کر لیں، 8 فروری کو عوام باہرنکلیں گے۔

پریس کانفرنس کرتے ہو ئے پی ٹی آئی رہنما شیخ وقاص اکرم کا کہنا تھا کہ بانی کے حکم پر 8 فروری کو یوم سیاہ منایا جائے گا، کوئٹہ میں ایک ماہ میں ہمارے دفتر پر تیسری دفعہ چھاپہ مارا گیا، چھاپوں، گرفتاریوں کی مذمت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ غنڈہ گردی کے ذریعے ملک میں نفرتیں بڑھائی جا رہی ہیں، آج نہیں توکل ان کوجواب دینا پڑے گا، ظلم اور جبر پر چیف جسٹس نوٹس لیں۔

شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر کی مدت ملازمت جنوری 2025 کو ختم ہو گئی، وزیراعظم نے ایک پارلیمانی کمیٹی بنانی ہے، پی ٹی آئی نے ذمہ داری پوری کی وزیراعظم سنجیدہ نہیں۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کا کردار مایوس کن رہا ہے، الیکشن کمیشن کی آزادی انتہائی اہم اور ضروری ہے، بانی پی ٹی آئی مائنس ون فارمولے کے لئے الیکشن کا استعمال کیا گیا۔